جمعہ کے روز ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی شفقت انور شاہوانی سے ایسوسی ایشن برائے بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کے ایک وفد نے گوادر چیپٹر کے کنوینئر افان قریشی کی سربراہی میں ملاقات کی۔ وفد نے ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کو گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت قائم ہاؤسنگ و کمرشل سوسائٹیز سے متعلق اپنے مشکلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں نے متعلقہ شعبوں کو گوادر میں سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں تاکہ محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول دستیاب ہوسکے۔ گوادر میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع دستیاب ہیں۔ جی ڈی اے سرمایہ کاروں کو سہولت اور آسانی فراہم کرنے کیلئے ون ونڈو سہولت اور سیٹیزن پورٹل کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر کام کررہی ہے جو آخری مراحل میں ہے۔ گوادر اپنے خوبصورت و پرکشش محل وقوع کے بدولت عالمی سطح پر اہمیت کا حامل ہے۔ اور یہاں رئیل اسٹیٹ اور تعمیرات کا شعبہ ہمیشہ توجہ کا مرکز رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے وفد پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اپنے ہاؤسنگ و کمرشل سوسائٹیوں میں ترقیاتی کام تیز کی جائیں تاکہ الاٹییز کو ماسٹر پلان کے تحت جدید رہائشی سہولیات میسر ہوں اور الاٹییز کا اعتماد بحال ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان اور چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد ہورہی ہے۔ جس میں نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا منصوبہ بھی شامل ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ جبکہ جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال، پاک چائنا ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ، ایسٹ بے ایکسپریس وے، واٹر پراجیکٹ، فری زون پر کام مکمل ہوچکا ہے۔ وفد میں حاجی عبدالغنی، فصیح الدین قریشی، ارشاد علی شاد بھی شامل تھے۔ جبکہ اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ شاہد علی اور اربن ڈویلپمنٹ اسپشلسٹ طارق رند بھی موجود تھے