ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی، شفقت انور شاہوانی، نے جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال زیر انتظام انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر عفان فائق زادہ نے انہیں ہسپتال کی کارکردگی اور دستیاب سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں جدید طبی آلات سے مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ماضی میں سٹی اسکین جیسی بنیادی سہولت کی عدم دستیابی کے باعث معمولی امراض اور حادثات کے مریضوں کو کراچی منتقل کرنا پڑتا تھا، لیکن اب یہ سہولت یہاں مفت فراہم کی جا رہی ہے، جس سے مریضوں کی شفٹنگ میں واضح کمی آئی ہے۔
ڈاکٹر عفان فائق زادہ نے مزید بتایا کہ روزانہ سینکڑوں مریضوں کو باوقار انداز میں مفت طبی خدمات، جدید آلات سے ٹیسٹ کی سہولت اور ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے، شفقت انور شاہوانی، نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہا اور کہا کہ جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال صحت کی جدید اور بنیادی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کر رہا ہے، جو بلوچستان کے دیگر ہسپتالوں میں نایاب ہیں۔ یہ ہسپتال سی پیک کے ابتدائی منصوبوں میں شامل ہے اور اس سے براہ راست عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں 24 گھنٹے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کیلئے ایک علیحدہ فیڈر کی منظوری ہوگئ ہے اور حکومت کی جانب سے فنڈز ریلیز کردئیے گئے ہیں جس پر جلد کام شروع ہوگا،