گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) اور یونیورسٹی آف گوادر کے درمیان معاہدے پر دستخط، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے شفقت انور شاہوانی اور یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق بلوچ نے کیے۔ معاہدے کا مقصد گوادر کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینا، تحقیق و تربیت کے مواقع فراہم کرنا اور نمائشوں کے انعقاد میں تعاون کرنا ہے۔
گوادر- 9 اکتوبر 2024
جمعرات کے روز ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے شفقت انور شاہوانی نے یونیورسٹی آف گوادر کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق بلوچ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے مختلف منصوبوں، شعبہ جات اور زیر تعمیر نئی عمارت سمیت تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق اگاہی فراہم کی۔ ملاقات کے دوران دونوں اداروں کے سربراہان نے گوادر سمیت علاقے کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔
اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر ورکشاپس، کانفرنسز، تحقیق و ترقی (R&D) اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں کا انعقاد کریں گے، جس کا مقصد نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں ترقی کے عمل میں شامل کرنا ہے۔ اس کے علاوہ، اس مفاہمتی یادداشت سے علمی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، تحقیقاتی کام میں سہولت فراہم کی جائے گی، اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے کے لیے تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔ نمائشوں اور اختراعی پلیٹ فارمز کے ذریعے گوادر کی ترقیاتی صلاحیتوں سے متعلقہ کورسز بھی متعارف کروائے جائیں گے۔
وائس چانسلر نے تجویز پیش کی کہ یونیورسٹی آف گوادر میں قائم سی پیک اسٹڈی سینٹر، علاقے میں سی پیک منصوبوں کے حوالے سے آگاہی بڑھانے میں جی ڈی اے کی مدد کر سکتا ہے۔