یونیورسٹی آف گوادر میں دو روزہ بزنس اینڈ کلچرل گالا کی اختتامی تقریب کا انعقاد

یونیورسٹی آف گوادر میں دو روزہ بزنس اینڈ کلچرل گالا کی اختتامی تقریب کا انعقاد، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے شفقت انور شاہوانی کی شرکت، مختلف اسٹالز، کا جائزہ لیا، طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کی

یونیورسٹی آف گوادر میں منعقدہ دو روزہ بزنس اینڈ کلچرل گالا کی اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی شفقت انور شاہوانی نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف فوڈ اسٹالز، سائنسی ماڈلز اور آرٹ ایگزیبیشن کے اسٹالز کا دورہ کیا اور ان کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے مختلف تعلیمی اداروں کی جانب سے پیش کیے گئے اسٹالز، سائنسی ماڈلز اور فائن آرٹس کی نمائشوں کو سراہا اور طلبہ و طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے نہ صرف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے بلکہ اس طرح کی سرگرمیوں کی بھرپور حمایت بھی کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوادر کی جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر شہر کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور نوجوانوں کو دعوت دی کہ وہ علمی، فنی اور سائنسی علوم میں مہارت حاصل کریں تاکہ مستقبل میں گوادر کی ترقی کی قیادت کے لیے خود کو تیار رکھ سکیں۔
تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے اور دیگر معزز مہمانوں نے گالا میں حصہ لینے والے اسٹالز، سائنسی نمائش اور آرٹس ایگزیبیشن کے منتظمین میں انعامات تقسیم کیے۔ یہ تقریب نہ صرف طلبہ و طالبات کے تخلیقی اور علمی رجحانات کو فروغ دینے کا ذریعہ بنی بلکہ شہر کے ثقافتی و تعلیمی میدان میں ایک اہم سنگ میل بھی ثابت ہوئی۔
دو روزہ گالا میں خواتین اور طلبہ و طالبات کی بزنس سرگرمیوں میں شرکت ایک خوش آئند عمل رہا۔ ایسے ایونٹس نہ صرف کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ خواتین اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں کہ وہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلیں۔ اور کاروبار کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ نئی نسل کو جدید معاشی رجحانات سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

Gwadar Development Authority

Marine Drive, Gwadar Development Authority, Gwadar Balochistan

GDA © 2023. All Rights Reserved