گوادر، 14 جنوری 2025
بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پبلک اکاؤنٹس نے اپنے دورہ گوادر کے موقع پر اج تیسرے روز جی ڈی اے کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا باریکی سے جائزہ لیا۔ کمیٹی کی سربراہی ایم پی اے اصغر علی ترین کر رہے تھے جبکہ اراکین میں ایم پی ایز رحمت صالح بلوچ، زابد ریکی، زمرک خان اچکزئی، اور فضل قادر شامل تھے۔ ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن بھی کمیٹی کے ہمراہ تھے، جبکہ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے شفقت انور شاہوانی نے کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔
کمیٹی نے جی ڈی اے پبلک ہائر سیکنڈری اسکول اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبہ، گلگ، ملا فاضل چوک، سینیٹر اسحاق کرکٹ اسٹیڈیم اور قدیم ثقافتی ورثے کے مقامات، جن میں پرتگیزی واچ ٹاور، ٹیلی گراف آفس، چار پادگو، شاہی بازار، اور اسماعیلیہ محلہ شامل ہیں، کا معائنہ کیا۔ پرانی آبادی کے مختلف وارڈز اور اسٹریٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس دوران کمیٹی اراکین نے گوادر فشنگ جیٹی اور گوادر پورٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی پسند خان بلیدی نے کمیٹی کو پورٹ اور فری زون سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے شفقت انور شاہوانی نے کمیٹی کو جاری ترقیاتی منصوبوں، روڈ نیٹ ورک، سیوریج اور ڈرینج لائنز کے حوالے سے آگاہ کیا۔ کمیٹی نے ان منصوبوں کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور کام کے معیار کو تسلی بخش قرار دیا۔ اراکین نے کہا کہ جی ڈی اے کی کوششوں سے پرانی آبادی کے لوگوں کی زندگی کے معیار میں بہتری آئے گی، شہر کی بنیادی سہولیات میں اضافہ ہوگا اور گوادر شہر کی خوبصورتی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
کمیٹی نے اپنے دورے کے دوران مقامی افراد سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ کمیٹی نے جی ڈی اے کی جانب سے مقامی آبادی کے فلاح و بہبود اور شہر کی ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔
چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، سپرنٹنڈنٹ انجینئر نادر بلوچ، اور ایگزیکٹو انجینئر قاضی کاشف نے کمیٹی کو مختلف منصوبوں کے سائیٹ وزٹ کے دوران تفصیلات سے آگاہ کیا۔
کمیٹی اراکین نے کہا کہ گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت جاری منصوبے نہ صرف شہر کی ترقی کو فروغ دیں گے بلکہ مقامی افراد کے لیے روزگار اور بہتر معیار زندگی کا ذریعہ بھی بنیں گے۔