جی ڈی اے کی جانب سے گوادر میں ماحولیاتی تبدیلیوں پر تین روزہ ورکشاپ

جی ڈی اے کی جانب سے گوادر میں ماحولیاتی تبدیلیوں پر تین روزہ ورکشاپ مکمل، شرکاء میں اسناد کی تقسیم موسمیاتی تبدیلی، سمندر کی سطح میں اضافہ اور زیر زمین پانی کی لیول میں غیر معمولی بگاڑ، پائیدار ترقی کے لیے فوری اقدامات ناگزیر، گوادر کے مستقبل کی بقا کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا، ماہرین کا زور
گوادر، 8 فروری 2025

ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی شفقت انور شاہوانی کی ہدایت پر گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام موسمیاتی تبدیلیوں، سمندر کی سطح میں اضافے، زیرِ زمین پانی کی سطح میں تغیر اور پائیدار منصوبہ بندی پر تین روزہ ورکشاپ آج اختتام پذیر ہوگئی۔ ورکشاپ کے دوران ماہرین نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور ان سے نمٹنے کے لیے مختلف عملی تدابیر پر روشنی ڈالی اور اس بابت فوری اقدامات کو ناگزیر قرار دیا گوادر کے مستقبل کی بقا کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ کردار ادا کرنے پر زور دی،
ورکشاپ کے ایک حصے کے طور پر شرکاء کو فیلڈ ٹرپ کے ذریعے شہر کے متاثرہ علاقوں، وٹلینڈز اور نکاسی آب کے مسائل کا مشاہدہ کرایا گیا، جہاں انہیں موسمیاتی چیلنجز کو براہِ راست سمجھنے کا موقع ملا۔ ماہرین نے گوادر کے ماحولیاتی مسائل کے ممکنہ حل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اختتامی تقریب میں سپرنٹنڈنٹ انجینئر جی ڈی اے نادر بلوچ، پرنسپل جی ڈی اے ہائیر سیکنڈری اسکول راجہ امتیاز حسین، ماہر ماحولیات و کلائمیٹ چینج ڈاکٹر پزیر احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عبد الرحیم بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر ایم نظر محمد اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں، اور جی ڈی اے کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق تحقیقی و عملی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
یہ ورکشاپ گوادر کی پائیدار ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی، جس میں حاصل شدہ معلومات کو عملی اقدامات میں ڈھالنے پر زور دیا گیا۔ تین روزہ ورکشاپ میں یونیورسٹی آف گوادر، جی ڈی اے ہائیر سیکنڈری اسکول، گرلز ڈگری کالج سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی۔
قبل ازیں، جی ڈی اے نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور پائیدار منصوبہ بندی کی بہتری کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی کراچی کے ماہرین کو گوادر مدعو کیا تھا تاکہ شہر کی موسمیاتی صورتحال اور ممکنہ حل کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔

Gwadar Development Authority

Marine Drive, Gwadar Development Authority, Gwadar Balochistan

GDA © 2023. All Rights Reserved