ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کا اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کی کوالٹی اور تکمیل کی ڈیڈلائنز پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، شفقت انور شاہوانی

ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، شفقت انور شاہوانی، نے اتوار کے دن اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میرین ڈرائیو، عید گاہ وارڈ، سورگ دل گراؤنڈ، گلگ، اور ملا فاضل چوک سمیت کئی اہم منصوبوں کا معائنہ کیا۔
ڈائریکٹر جنرل نے ترقیاتی کاموں کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ انجینیئرز، افسران، اور ٹھیکیداروں کو سختی سے تاکید کی کہ تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے سورگ دل گراؤنڈ پر جاری کام کی سست روی پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو سخت ہدایات دیں کہ کام کی رفتار تیز کی جائے اور آئندہ چند ہفتوں میں پیشرفت رپورٹ فراہم کی جائے۔
ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبہ مقامی آبادی کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت سیوریج لائنز کی تعمیر، تعلیمی اداروں کی بحالی، قدیم ثقافتی ورثے کا تحفظ، اور سڑکوں کی تعمیر و توسیع جیسے اہم کام کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر ملا فاضل چوک کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ اس کی بحالی سے اس علاقے کی سابقہ رونقیں بحال ہوں گی، جو شہر کے سماجی، کاروباری اور سیاحتی مرکز کے طور پر ماضی میں جانی جاتی تھی۔
ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت آئندہ منصوبوں میں جنت بازار اور شاہی بازار کی خوبصورتی، ٹف ٹائلنگ اور توسیع کا کام شامل ہیں تاکہ گوادر کی تاریخی اہمیت اور سیاحتی کشش کو مزید بڑھایا جا سکے۔
ڈائریکٹر جنرل نے ترقیاتی منصوبوں میں عوامی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ جی ڈی اے مقامی آبادی کو ساتھ لے کر چلنے کے لیے پرعزم ہے۔ اور ترقیاتی منصوبوں کو عوامی فلاح و بہبود کے ساتھ بروقت مکمل کیا جائے تاکہ گوادر کے شہریوں کے معیار زندگی میں بہتری لائی جا سکے اور شہر کو ایک مثالی ترقیاتی مرکز بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کے ہمراہ چیف انجینیئر حاجی سید محمد، پروجیکٹ ڈائریکٹر دودا خان مری، سپرنٹنڈنٹ انجینیئر نادر بلوچ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Gwadar Development Authority

Marine Drive, Gwadar Development Authority, Gwadar Balochistan

GDA © 2023. All Rights Reserved