شہر کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور ترقی میں بلڈرز اور ڈویلپرز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی جدید رہائشی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانے، الاٹیز کے اعتماد کو بحال کرنے اور رہائشیوں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مکمل تعاون کرے گی۔ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شفقت انور شاہوانی
کراچی/گوادر 20 اگست 2024
منگل کے روز ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی شفقت انور شاہوانی نے کراچی میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور آباد کے چیئرمین آصف سمسم اور دیگر ممبران کے ساتھ گوادر کے رہائشی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نے گوادر میں رہائشی منصوبوں پر ترقیاتی کام کی رفتار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور یقین دہانی کرائی کہ جی ڈی اے سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔
اسپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پر بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ یہ دو منصوبے گوادر کی اقتصادی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ یہ منصوبے منظوری اور عمل درآمد کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے زیر غور ہیں۔ انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جو کہ گوادر کو علاقائی اور عالمی سطح پر اقتصادی اور سیاحتی مقاصد کے لیے ایک آسان رسائی والا منزل بنا دے گا۔
اجلاس کے دوران، ڈائریکٹر جنرل نے آباد کے اراکین کو یقین دلایا کہ ان کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ اجلاس میں آباد کے اراکین اور دیگر سینئر جی ڈی اے حکام نے شرکت کی۔ اختتام پر آباد کے چیئرمین نے ڈائریکٹر جنرل کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔