وزیر اعظم کی سربراہی میں سی پیک اسٹینڈنگ کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں جی ڈی اے اور جی پی اے بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم کے دوروں اور زاتی دلچسپی کے باعث گوادر کی ترقی کا رفتار تیز ہوگیا ہے۔ گوادر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو قبل از وقت مکمل کرنے کیلئے ڈیڈ لائن دی گئی ہیں یہ بات ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈوپلمنٹ اتھارٹی مجیب الرحمن قمبرانی نے سرکاری ٹی وی کے پروگرام “بات کاروبار کی” سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں انویسٹمنٹ کانفرس منعقد کرنے جارہے ہیں۔ گوادر میں زیر تعمیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ جلد مکمل ہوگا۔ اور یہاں تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ائرپورٹ سے سیاحوں کی آمدورفت بھی شروع ہوجائیگی جس کیلئے جی ڈی اے جامع پلان مرتب کر رہی ہے ، تاکہ یہاں آنے والے سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو تمام بنیادی ضروریات اور سہولیات میسر ہوں ۔ یہاں کے لوگوں کو علاج معالجہ کے بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے انڈس ہسپتال کراچی کے ساتھ معاہدہ طے پایا ہے ۔ جس میں جی ڈی اے کے موجودہ 50 بیڈ پر مشتمل ہسپتال اور زیر تعمیر100 بیڈ پر مشتمل پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال کو انڈس ہسپتال کراچی کے زیر انتظام لایا جائیگا جس سے علاقے کے لوگوں کو اعلی معیار کی علاج معالجہ کی سہولت مفت دستیاب ہوگی۔ گوادر میں انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم بنایا جائگا اس سلسلے میں پی سی بی کے ساتھ گفت شنید جاری ہے۔ گوادر میں بجلی فراہمی کیلئے ایران کے ساتھ 100 میگاواٹ کا معاہدہ حال ہی میں طے ہوا ہے یہ منصوبہ وزیر اعظم کے احکامات پر 6 ماہ میں مکمل کیا جائیگا اور مستقبل میں یہاں کول پاور پلانٹ، سولر پارک بنایا جائیگا جبکہ مکران کو نیشنل گریڈ کے ساتھ منسلک کرنے کیلیے کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔