گوادر۔ 9جون 2023
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے مجیب الرحمٰن قمبرانی نے جمعہ کے روز جی ڈی اے انڈس ہسپتال سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں جی ڈی اے انڈس ہسپتال کے ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر آفتاب احمد نے ڈائریکٹر جنرل کو آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال کے لیبارٹری اور آپریشن تھیٹر کو اپ گریڈ کرکے ایڈوانس ٹیکنالوجی پر مشتمل مشین نصب کردئیے ہیں اور بلڈ بنک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیلی میڈیسن اور آرتھوپیڈک سرجن کا بھی انتظام کیا جارہا ہے ٹیلی میڈیسن کے تحت انڈس ہسپتال کراچی سے ملک کے مایہ ناز ڈاکٹرز ویڈیو لنک کے ذریعے خدمات فراہم کرینگے۔ ٹیلی میڈیسن اور آرتھوپیڈک سرجری کی سہولیات دستیابی کے بعد ایمرجنسی اور ٹراما کیسز کو کراچی ریفر کرنے میں خاطر خواہ کمی آئی گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال میں ایمرجنسی سروسز، فیملی میڈیسن، کنسلٹنٹ کلینک، ماہر اطفال، زچہ و بچہ، جنرل سرجری، آپریشن تھیٹر، ڈینٹسٹ ، شعبہ ادویات، لیبارٹری اور ریڈیالوجی کے اعلیٰ و معیاری خدمات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کو صحت کے اعلیٰ و معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ جی ڈی اے ہسپتال کو انڈس ہسپتال کے زیر انتظام کرنے کیلئے وزیراعلی بلوچستان اور حلقہ ایم پی اے کی ہدایت پر شب و روز کام کیا اب اس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں اور ہماری کوشش و خواہش ہے کہ ہر طرح کی علاج و معالجہ کی جدید سہولیات لوگوں کو انکے گھر کے دہلیز پر مفت میسر ہوں ڈائریکٹر جنرل نے انڈس ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے مریضوں کو کراچی یا کہیں اور ریفر کرنے کے بجائے یہیں اعلیٰ و معیاری علاج معالجہ کے انتظامات کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے آخر تک سو بیڈ پر مشتمل پاک چائنہ فرینڈشپ ہسپتال مکمل ہوجائیگا جو کہ ہر طرح کی جدید آلات و سہولیات سے مزین ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال ہوگا۔ جس میں انڈس ہسپتال کراچی جیسے سہولیات جی ڈی اے پاک چائنا انڈس ہسپتال گوادر میں مفت دستیاب ہونگے۔