گوادر۔ 23جون 2023
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے مجیب الرحمٰن قمبرانی سے چائنہ اورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے چئیرمن یوبو نے جی ڈی اے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں گوادر پورٹ پر آپریشنل سرگرمیوں، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں اور دوطرفہ دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین یو بو نے ڈائریکٹر جنرل کی طرف سے صوبائی و وفاقی حکومت کو گوادر کو ٹیکس فری قرار دینے کی تجویز کی تعریف کی اور کہا حکومت کے اس فیصلے سے گوادر میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور چین سمیت دنیا بھر سے سرمایہ کار گوادر کی طرف متوجہ ہونگے۔ ملاقات میں گوادر میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین یو بو نے بتایا کہ گوادر کے اسکولوں میں ضروری ساز وسامان اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے پر کام شروع کررہے ہیں جس کا مقصد یہاں تعلیم کی فروغ میں سازگار ماحول مہیا کرنا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نےکہا کہ سی پیک کے تحت گوادر میں چین کے تعاون سے ایک سو بیڈ پر مشتمل پاک چائنہ فرینڈشپ جی ڈی اے ہسپتال، پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ، 1.2 گیلن پانی کا واٹر ڈیسیلینیشن پلانٹ اور پاک چائنہ مڈل اسکول عوامی نوعیت کے بنیادی منصوبہ ہیں ان منصوبوں سے لوگوں کو براہ راست فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی ترقی میں چین کا تعاون قابل تحسین ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ عامر ہاشمی بھی موجود تھے جنہوں نے نیو انٹرنیشنل ائیرپورٹ منصوبہ پر ڈائریکٹر جنرل اور چیرمین یوبو کو بریف کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبہ پر چینی حکام کی طرف سے کام تیزی کے ساتھ جاری ہے اور ائیرپورٹ کا ساڑھے 6 کلو میٹر طویل رن وے لینڈنگ کیلئے تیار ہے اور بہت جلد ٹیسٹ فلائٹ لینڈنگ متوقع ہے۔ جبکہ ائیرپورٹ باقاعدہ طور پر رواں سال کے آخر تک آپریشنل ہوجائے گا۔ ملاقات میں گوادر کو ماحول دوست اور خوبصورت بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے پر اتفاق کیا گیا جو ابتدائی طور جی ڈی اے اور سول ایوی ایشن نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ روڑ پر شجر کاری منصوبہ کا آغاز کریں گے۔