گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور بلوچستان موٹر اسپورٹس کے زیرِ انتظام گوادر آف روڑ ریلی کے تیسرے روز موٹر کار شو کا شاندار انعقاد کیاگیا۔
ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگزیب بادینی نے کار شو کا افتتاح کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کار شو کا معائنہ کیا اور ملکی و غیر ملکی ڈرائیوز سے ملاقات کرکے بات چیت کی۔
گوادر کےخوبصورت ساحل سمندر کے ساتھ میرین ڈرائیو کے مقام پر گوادر آف روڈ ریلی میں شرکت کرنے والے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ جس میں اسٹاک کیٹگری موڈیفائیڈ کیٹگری اور ٹریل بائیکس کی کیٹگری شامل ہیں۔
موٹر کار ریس کے پہلے مرحلے میں اسٹاک کار اور دوسرے مرحلے میں موڈیفائیڈ موٹر کار ریس منعقد ہوگا۔
موٹر کار ریس میں 11 انٹرنیشنل، 10 خواتین سمیت 80 موٹر ریسرز شامل ہیں جو کہ 250 کلومیٹر پر مشتمل چیلنجنگ مگر دلچسپ ٹریک پر قسمت آزمائی کریں گے۔
گوادر آف روڈ ریلی کے انعقاد میں جی ڈی اے کے ساتھ ضلعی انتظامیہ، گوادر پورٹ اتھارٹی ، ڈسٹرکٹ پولیس، سیکیورٹی فورسز سمیت گوادر کے تمام سول و عسکری اداروں کا بھرپور تعاون شامل ہے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگزیب زیب بادینی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے اور بلوچستان موٹر اسپورٹس کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے گوادر میں آف روڈ ریلی کا انعقاد کرکے لوگوں کو صحت مند تفریحی ماحول فراہم کی ہے جس کی بدولت گوادر میں میلہ کا سماں ہے۔
گوادر پُرامن مقام اور قدرتی طور پر خوبصورت خطہ ہونے کی وجہ سے معاشی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور سیاحتی سرگرمیوں کا بھی مرکز بنتا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوادر کی انفراسٹرکچر کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ یہاں ٹورزم ڈیولپمنٹ پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ آج کا یہ شاندار میلہ اس بات کا عکاس ہے۔