ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے مجیب الرحمٰن قمبرانی نے منگل کے روز ایسٹ بے ایکسپریس وے کے ساتھ زیر تعمیر پدی زر روڈ کی تعمیراتی کا کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد نے ڈائریکٹر جنرل کو کام سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے تعمیراتی کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ شاہراہ شہر کی قدیم اور ماہیگیر آبادیوں سمیت کاروباری مراکز شاہی بازار، ملا فاضل چوک اور گلگ، ڈھوریہ تک رسائی کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ 5 کلومیٹر روڑ کو گلگ، گزرواں وارڈ، بلوچ وارڈ، نگوری وارڈ، پریس کلب روڑ سمیت تقریباً پانچ مختلف مقامات میں سید ظہور شاہ ہاشمی روڈ کے ساتھ لنک روڑ کے ذریعے منسلک کیاجائیگا، تاکہ لوگوں کو آمدورفت میں آسان رسائی کے ساتھ شہر کی بڑھتی ہوئی ٹریفک سے نجات مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوامی منصوبہ یہاں کے لوگوں کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا اس سے قبل یہ علاقہ سیوریج اور گند کا آماجگاہ ہوا کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ روڈ کے ساتھ ڈرینج سسٹم بھی شامل ہے جسکی تکمیل کے بعد یہاں ملحقہ آبادیوں کے لیے بیچ پلے ایریا اور پارکس کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔