ایم پی اے گوادر اور ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کا زیر تعمیر سورگ دل گراؤنڈ اور ملافاضل چوک کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور کام کے معیار اور بروقت تکمیل پر زور دیا
15May’25
گوادر، 15 مئی 2025
رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان اور ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیف اللّٰہ کھیتران نے آج جی ڈی اے کے اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے سورگ دل فٹبال گراؤنڈ، ملا فاضل چوک اور دیگر مقامات پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور منصوبوں کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سورگ دل فٹبال گراؤنڈ، جو کہ گوادر کا ایک تاریخی کھیل کا میدان ہے، اس کی بحالی، توسیع اور جدید خطوط پر ازسرنو تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے۔ جی ڈی اے کی جانب سے یہ منصوبہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان اور ڈی جی سیف اللّٰہ کھیتران نے ملا فاضل چوک، جو کہ اولڈ سٹی کا قدیم کاروباری مرکز ہے، کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور مقامی تاجروں سے ملاقات میں کاروباری سرگرمیوں کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ملا فاضل چوک سے ملحقہ علاقوں سیورج ڈرینیج اور مکی مسجد تک روڈ کی پختگی سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل کی ہدایت کردی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں گے اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
دورے کے دوران پروجیکٹ ڈائریکٹر اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبہ میر دودہ خان مری اور ایس ای روڈ نادر بلوچ نے جاری کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نومنتخب چیئرمین تحصیل میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔
علاقہ کونسلران اور شہریوں نے موقع پر موجود ایم پی اے اور ڈی جی جی ڈی اے سے ملاقات کر کے اپنے مسائل بیان کیے، جن کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے گئے۔