ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کا زیر تعمیر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ
25Mar’25
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کا زیر تعمیر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، ایس ٹی پی پلانٹ شہر کو ماحول دوست بنانے کے ساتھ ہریالی اور سبزہ زاروں کے لیے پانی کا بڑا ذریعہ ثابت ہوگا، سیف اللہ کھیتران
گوادر۔ 25 مارچ 2025
ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، سیف اللہ کھیتران، نے آج جی ڈی اے کے زیر تعمیر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر حاجی سید محمد اور پروجیکٹ ڈائریکٹر میرجان بلوچ نے انہیں منصوبے کی پیشرفت اور تکنیکی پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہیں بتایا گیا کہ سنٹرل پارک کے قریب زیر تعمیر یہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ 4 لاکھ گیلن پانی کی گنجائش کا حامل ہے اور جی ڈی اے کے بڑے ماحولیاتی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں شامل ہے۔ اس سے قبل، ایک اور 4 لاکھ گیلن گنجائش کا پلانٹ سینیٹر اسحاق کرکٹ گراؤنڈ کے قریب نصب کیا جا چکا ہے، جس کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں سے سیوریج لائن کے ذریعے گندا پانی جمع کر کے جدید سسٹمز کے ذریعے ٹریٹ کیا جاتا ہے۔ اس عمل کے بعد پانی کو زرعی مقاصد، باغبانی، پارکس، گراؤنڈز اور شہر کے دیگر سبزہ زاروں کے لیے دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جاتا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے اس موقع پر کہا کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے بلکہ شہر کی ہریالی اور باغبانی کی ضروریات بھی اسی سے پوری کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے تعمیراتی کام کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے کے لیے کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔
اس دوران، انہوں نے واٹر پروجیکٹ کے واٹر اسٹوریج ٹینک، جی ڈی اے کے زیر تعمیر ورکشاپ اور دیگر جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی معائنہ کیا اور ان پر کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔